شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ کی تجویز مسترد کردی

393

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کردی۔

شہباز شریف نے اپنے ایک بیا ن میں کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام تمام دنیا نے مسترد کیا، الیکشن کمیشن ناقابل عمل قرار دے چکا ہے۔ انتخابی اصلاحات کا حساس کام پوری قوم کی منشا اور اعتماد سے ہوتا ہے۔ عوام کی امنگوں اور اعتماد کا مظہر و محور پارلیمان ہے جسے تین سال سے تالا لگایا ہوا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے 2018 میں پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے انتخابی اصلاحات کی تھیں۔ انتخابی اصلاحات تمام فریقین کی مشاورت اور عوام کی رائے کی روشنی اور اتفاق رائے سے ممکن ہوتی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں ہونے والی انتخابی اصلاحات پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔ سب کے اتفاق رائے کا مظہراور دستخط شدہ انتخابی اصلاحات کی وہ تاریخی دستاویز آج بھی موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس وقت اپوزیشن مثبت تجاویز اور میثاق معیشت کی بات کر رہی تھی تو این آر او کا شور کر کے ان کی توہین کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی ساکھ انصاف، شفافیت اور قانون کی حکمرانی سے بہتر ہوتی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے نہیں۔ انتخابی اصلاحات ہم کرسکتے ہیں، سیاسی مخالفین کو ساتھ لے کر چلنے، ان کی تجاویز کو اپنانے کا حوصلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے بجائے تباہ معیشت، مہنگائی، بے روزگاری سے مرتے عوام کی فکر کریں۔