کورونا سے مزید 130 اموات،پنجاب میں نجی اسپتال سرکاری تحویل میں لینے کا فیصلہ چند ہفتے خطرناک ہیں ،اسد عمر

227

اسلام آباد /کراچی (نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) ملک بھر میںکوروناوائرس کے مزید131 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 17811تک پہنچ گئی جبکہ مزید 5360نئے کیسز رپورٹ ہوئے ،جبکہ پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر نجی اسپتالوں کو سرکاری تحویل میں لینے کی تیاری شروع کردی ہے ، وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ چند ہفتے خطرناک ہیں،بیماری کو تیزی سے پھیلنے کا موقع دیا تو کوئی بھی نظام اس پر قابو نہیں پاسکے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی)کی جانب سے جمعے کے روز جاری اعدادوشمار کے مطابق کوروناکے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 8لاکھ20ہزار823تک پہنچ گئی ۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 12افراد سمیت ملک بھر میں کورونا سے مزید 130 ہلاکتیں ہوئی ہیںجس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 17 ہزار 811 ہوگئی ہے۔ این سی اوسی کے مطابق ملک میں کوروناسے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.2فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح86.7 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کی تعداد گزشتہ سال جون کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ ہے ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد 5 ہزار 360 ہوچکی ہے ۔اسد عمر نے تنبیہ کی کہ چیلنج ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، ایس او پیز پر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے اور آئندہ چند ہفتے نازک ہیں۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ خطے میں کورونا کی وجہ سے پریشانی بڑھ رہی ہے، پاکستان میں اموات میں اضافہ ہوا ہے۔اگر کورونا کیسز مزید بڑھے تو بات اسپتالوں کے بس سے نکل جائے گی،قوم احتیاط کرے اور ایس او پیر پر سختی سے عمل کرے ۔دوسری جانبپنجاب حکومت نے کورونا سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر کے پرائیوٹ اسپتالوں کو اپنی (عارضی)تحویل میں لینے کے لیے آرڈیننس لا نے کی تیاری شروع کردی ہے ۔ سرگودھا سمیت صوبے بھر کے پرائیویٹ اسپتالوں کی تعداد ، ایمرجنسی واڈز کے بیڈز کی تعداد ، ڈاکٹروں ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، سمیت دیگر عملے کی تفصیلات 72 گھنٹوں میں ضلعی حکام سے طلب کرلی گئی ۔چیف سیکرٹری پنجاب ملک نے صوبے بھر کے ڈویژن اور ضلعی انتظامی افسران سے اس حوالے سے مشاورت بھی مکمل کرلی ہے ،صوبے بھر کے پرائیویٹ اسپتالوں کو حکومت اسوقت تک اپنی تحویل میں رکھے گئی جب تک کورونا وبا سے مکمل نمٹا نہیں جاتا۔لاہورمیں کورونا کی بے قابو ہوتی صورت حال کے پیش نظر پابندیاں مزید سخت کردی گئیں۔ہفتہ اور اتوار کو لاہور شہر میں مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر) محمد عثمان نے شہریوں سے اپیل ہے کہ آج ہی اشیا ضروریہ کی خریداری کرلیں، ہفتہ اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ادھر سندھ حکومت نے کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے سبب کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ آئسولیشن سینٹر کو دوبارہ کھلوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔اس حوالے سے سیکرٹری صحت سندھ کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔