لاہور/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت+ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی جیت اور ان کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا۔ انہوںنے اپنے ایک بیان میں این اے 249 کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کو مبارکباد اور شاباش پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ الیکشن کمیشن انصاف اور شفافیت کے تقاضے پورے کرے گا۔ علاوہ ازیں این اے 249 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمااحسن اقبال نے حلقے میں 2018ء میں ہوئے عام انتخابات اور حالیہ ضمنی الیکشن میں ووٹوں کے اعداد و شمار شیئر کردیے۔ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء میں پی ٹی آئی نے 35344 جبکہ مسلم لیگ ن نے 34626 ووٹ حاصل کیے اور فرق صرف 718 ووٹوں کا تھا ، جبکہ ضمنی الیکشن 2021ء میں پیپلزپارٹی نے 16156 ووٹ لیے اور مسلم لیگ ن نے 15473 ووٹ حاصیل کیے ، اس بار بھی فرق صرف 683 ووٹوں کا ہے۔ ن لیگی رہنما نے لکھا کہ یہ کیسا حسین اتفاق ہے مسلم لیگ ن کے خلاف کہ جس میں طریقہ واردات بھی وہی اور شکست کا مارجن بھی وہی ہے ، نوازشریف کا خوف سر چڑھ کر بول رہا ہے۔