اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹ اسکینڈل میں سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف ایک اور ریفرنس دائرکردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹ اسکینڈل میں ایک اورریفرنس دائرکردیا ہے۔ آصف علی زرداری کے خلاف 8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائرکیا گیا ہے۔ ریفرنس میں ایوان صدرکے سابق اسٹینوگرافرمشتاق احمد بھی شریک ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کا استعمال کرکے 8 ارب سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی، کرپشن کے پیسے سے آصف زرداری نے گھربھی خریدا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2015 میں اسٹیٹ بینک نے ایف آئی اے کو مشکوک ترسیلات کی رپورٹ بھیجی گئیں۔ معاملے کی تحقیقات کے نتیجے میں کئی جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی بنائی گئی جس نے آصف علی زرداری اور اومنی گروپ کو مبینہ طور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے فوائد حاصل کرنے کا ذمہ دار قرار دیا۔