ایرانی سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 155پاکستانی گرفتار

357

تفتان (آن لائن )ایرانی سیکورٹی فورسز کی کاروائی 155پاکستانی شہریوں کو ایران کے مختلف شہروں سے گرفتار کر کے پاک ایران کے سرحدی شہر تفتان میں راہداری گیٹ کے مقام پر لیویز انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ایرانی سیکورٹی فورسز نے 155پاکستانی جو کہ بغیر قانونی دستاویزات کے ایران میں موجود تھے گرفتار کر لیا ۔گرفتار پاکستانیوں میں پنجاب 125،خیبر پختون خوا، 22، سندھ 06،آزاد کشمیر 02 شامل تھے۔ اس کے علاوہ 18بندے جن کے پاس پاکستانی قومی شناختی کارڈ نہیں تھے انھیں راہداری گیٹ کے انچارج میر الہی بخش نوتیزئی نے واپس ایرانی سیکورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔ لیویز انتظامیہ کے مطابق گرفتار پاکستانی بہتر روزگار کے تلاش کے لیے ایران سے یورپ جانا چاہتے تھے گرفتار پاکستانیوں کو ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔