کورونا پر حکومتی نااہلی نے تعلیمی سیکٹر کو متاثر کیا ہے،مولانا عبدالحق

260

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر غیر حقیقت پسندانہ ، خود پسندی اور جانبداری کا بیانیہ پیش کیاہے ۔ ملک و ملت کے حالات اور وزیراعظم کی اتحادی حکومت کی کارکردگی کے دعوے بائیس کروڑ عوام پر عیاں ہیں ۔ ڈھائی سال میں ریاست مدینہ نظام ، احتساب سب کا ، اسٹیٹس کو توڑنے ، مسئلہ کشمیر پر ٹیپو سلطان کا کردار ادا کرنے سے یوٹرن کا ہی کردار ہے ۔ اقتصادی ناکامی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ خوار ہوگیاہے ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی کارکردگی صرف وعدوں واعلانات تک محدود ہیں عملی کام نہ ہونے بدعنوانی وقرضوں میں بدترین اضافہ نے ہر فردکو شدیدمتاثر کیا ہے حکومت کی طرف سے عوام کیلیے کوئی ریلیف نہ ملنا حکومتی ناکامی ہے ،چینی کے ایک کلو کے حصول کیلیے شناختی کارڈاور پھرلائنیں لگوانا موجودہ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے ۔حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کیلیے ہوتی ہے مگر ہماری حکومتیں لوٹ مار ،بدعنوانی میں مصروف عوام کو لالی پاپ پر ٹرخارہے ہیں جو لمحہ فکر ہے جماعت اسلامی ان لٹیروں سے قوم کو نجات کیلیے اسلامی حکومت کے قیام کیلیے جدوجہد کر رہی ہے ۔موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوئی ہے نہ قرضوں میں کمی ،نہ بدعنوانی میں کمی کیا ہے اپنے وعدوں کے برخلاف کر رہی ہے ۔ اس لیے موجودہ حکومت کو وعدوں کے برخلاف کام کرنے ،بدعنوانی بے روزگاری میں اضافہ پر عوام سے معافی مانگنی چاہیے اور ناکامی نااہلی کا اعتراف کر کے عوام سے نئے مینڈیٹ کے لیے رجوع کیا جائے ۔ کورونا وباخطرناک شکل اختیار کر گئی ہے ۔ بڑے شہر بری طرح متاثر ہیں ۔ کورونا وبا کے سدباب کے لیے کوئی متفقہ قومی ایکشن پلان نہیں بنایا جاسکا ۔ وفاق ، صوبے اور ریاستی ادارے اپنی اپنی ڈفلی بجارہے ہیں ۔ عوام کی جانوں کو شدید خطرات لاحق کر دیے گئے ہیں ۔ عالمی کانفرنسوں میں تجاویز بجا لیکن اپنے ملک میں تو اپنے حالات بہتر کرنے کے لیے قومی ترجیحات پر قومی اتفا ق رائے پیدا کیا جائے۔ کورونا پر حکومتی بے تدبیری نے سب سے زیادہ تعلیم کے سیکٹر کومتاثرکردیا ہے ۔ گزشتہ دو سالوں سے جاری منفی اثرات مدت تک مستقبل کو تاریک بنائے رکھیں گے۔