بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اننگز میں 2 ہزار رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے ۔ پاکستانی کپتان نے زمبابوے کے خلاف ہرارے میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ میں 52 رنز کی اننگ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا جو انکے54ویں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کی52ویں اننگ تھی۔
انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں7 ستمبر2016 کو اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلنے والے بابر اعظم نے 2 ہزار رنز مکمل کرنے میں4 سال اور230 دن کا وقت لیا۔ وہ ایسا کرنے والے پاکستان کے تیسرے اور کل ملاکر 11ویںبلے باز بنے۔
اس میچ کے اختتام تک دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے 54 میچوں کی52 اننگز میں47.32 کی اوسط اور129.70 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور18 نصف سنچریوں کی مدد سے2035 رنز بنائے تھے۔ وہ 2 مرتبہ صفر پر بھی آئوٹ ہوئے اور ان کا اس قسم کے کرکٹ میں سب سے زیادہ اسکور122 رنز ہے جو انہوں نے جنوبی افریقاکے خلاف سنچورین میں14اپریل2021 کو77 منٹ میں59 گیندوں پر15 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ یہ پاکستان کے لئے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔
اس سے پہلے سب سے کم اننگز میں 2 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے اپنے60 ویں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کی56ویں اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔اس میچ کے اختتام تک انہوں نے49.07 کی اوسط اور136.31 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ18 نصف سنچریوں کی مدد سے2012 رنز بنائے تھے۔ابھی تک بھارتی کپتان نے جو90 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی84 اننگز میں52.65 کی اوسط اور139.04 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ28 نصف سنچریوں کی مدد سے3159 رنز بنائے ہیں۔وہ 3 مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر94 رنزہے جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حیدرآباد میں6 دسمبر2019 کو 50 گیندوں پر6چوکوں اوراتنے ہی چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
شعیب ملک کو ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے سست 2 ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف یکم جولایی2018 کو اپنی آئوٹ ہوئے بغیر 37 رنز کی اننگ کے دوران ایسا کیا تھا۔ یہ انکے99 ویں میچ کی92 ویں اننگ تھی۔ اس میچ کے اختتام تک انہوں نے 31.65 کی اوسط اور122.63 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ7 نصف سنچریوں کی مدد سے2026 رنز بنائے تھے۔ ابھی تک دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے جو116 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی106 اننگز میں31.13 کی اوسط اور124.20 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 8 نصف سنچریوں کی مدد سے2335 رنز بنائے ہیں۔وہ ایک مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکو75 رنزہے جو انہوں نے انگلینڈکے خلاف شارجہ میں30 نومبر2015 کو89 منٹ میں 54 گیندوں پر8چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ محمد حٖفیظ(2388رنز) 2 ہزار رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی ہیں۔