اسپیکر قومی اسمبلی فریق بن چکے ،کسی بات کا اعتبار نہیں شاہد خاقان

232

اسلام آ باد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی فریق بن چکے‘ کسی بات کا اعتبار نہیں‘ ناموس رسالت ؐ پر ایوان کی متفقہ آواز ہونی چاہیے‘ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری پر پورے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے ‘وزیراعظم، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس آئی ریاست کی پوزیشن پر بریفنگ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو قرارداد ایک پرائیویٹ ممبر کے ذریعے ایوان میں پیش کی گئی اس کا پہلا نقطہ ہی یہ ہے کہ فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے کے بارے میں ایوان میں بحث ہو‘ حکومت پالیسی بیان کرے کیونکہ پیش کی گئی قرارداد میں لکھا ہوا ہے کہ یہ معاملہ کسی گروہ کا نہیں بلکہ ریاست کا ہے‘ بین الاقوامی معاملات ریاست طے کرتی ہے‘ 15سے زاید لوگ شہید ہو ئے اس کی ذمے داری کس پر عاید ہوتی ہے ‘ حکومت قرار داد پر ایوان میں بحث نہیں کرانا چاہتی۔