اسلام آباد/ نارووال (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میںکراچی کے عوام شیر کو ووٹ دیں گے‘ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمدکے لیے فوج کی ضرورت پڑگئی‘ حکومت نے سول مشینری کو بھی تباہ کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے انٹرویو اور نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام کو کوروناکے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے اور اب یہ ایس او پیز کی تلقین کر رہے ہیں‘ میں سوال کرنا چاہتا ہوں کہ اگر کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کے لیے بھی فوج کی ضرورت ہے تو پھر سول اداروں کی کیا ضرورت ہے ‘ موجودہ حکومت نے سول مشینری کو بھی تباہ کرکے رکھ دیا ہے‘ جہانگیر ترین کا مسئلہ حکومت کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم اس بات کا انتظار کررہے ہیں کہ عمران خان کب جہانگیر ترین کو این آر او دیںگے۔