محمد بن قاسم کے اخلاق سے دیبل سے ملتان تک اسلام کی روشنی پھیلی

121

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے کہا ہے کہ ایک مسلم بیٹی کی پکار پر اس وقت کے عرب حکمران نے نو عمر محمد بن قاسم کو اس کی مدد کے لیے سندھ بھیجا جس نے نہ صرف اس کی مدد کی بلکہ یہاں کے لوگوں کو بھی راجہ داہر کے مظالم سے نجات دلائی بلکہ اپنے اخلاق و کردار سے لوگوں کو متاثر کیا جس سے دیبل سے ملتان تک کا خطہ اسلام کی روشنی سے منور ہوا وہ جماعت اسلامی کی جانب سے تعمیر ملت ہائی اسکول مریم روڈ میں یوم باب الاسلام کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا میں ڈیڑھ ارب مسلمان اور 56 اسلامی حکومتیں ہونے کے باوجود مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی مظلوم مائیں اور بہنیں بھی کسی محمد بن قاسم کی منتظر ہیں لیکن وہ اپنے اقتدار کے تحفظ کے لیے مغرب کے آلہ کر بنے ہوئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی 13 سال سے امریکی جیل میں قید ہے لیکن عمران خان نے وزیراعظم بننے سے پہلے جو وعدے ان کی بہن ، والدہ اور قوم سے کیے تھے اب تک وفا نہیں ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی نے مزید کہا کہ کوئی بھی مسلمان اللہ تعالیٰ اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں ہرزہ سرائی کو برداشت نہیں کرسکتا حکومت کو چاہیے کہ توہین رسالت کے قانون پر مؤثر عملدرآمد کرے اور پارلیمنٹ میں جو قرارداد فرانس کیخلاف پیش کی گئی ہے اسے فوری طور پر منظور کرکے قوم کے جذبات سے آگاہ کیا جائے۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی شہر فیصل ہمایوں اور پروفیسر اعجاز عالم نے بھی خطاب کیا۔