شہباز شریف رہا ،کورونا ایس او پیز نظر انداز ہزاروں افراد استقبال کیلئے پہنچ گئے

171

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ،اس موقع پر کورونا ایس او پیز کو نظر اندار کردیا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں پارٹی رہنما اور کارکنان استقبال کے لیے پہنچ گئے ،کارکنان کی جانب سے شہباز شریف کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کے حق میں نعرے لگائے اور انہیں جلوس کی صورت میں ان کی رہائشگاہ ماڈل ٹائون لایا گیا جہاں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز سمیت دیگر رہنمائوں نے ان کا استقبال کیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے 3 رکنی بینچ کی جانب سے ضمانت منظوری کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں چودھری محمد نواز اور سیف الملوک ک کھوکھر نے 50,50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے ۔ ضمانتی مچلکے احتساب عدالت نمبر دو ٹرائل کورٹ میں جمع کرائے گئے جہاں جج شیخ سجاد احمد نے ضمانتی مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد روبکار جاری کر دی ۔عدالت کا عملہ روبکار لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچا جہاں کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد شہباز شریف کو ایڈمن بلاک میں منتقل کر دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے ذریعے اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ضمانت کے لئے دعائوں پر قوم اور کارکنان سے اظہار تشکر کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کورونا وبا کی شدت سے نجات ملتے ہی کارکنان سمیت سب احباب سے ملاقات کروں گا۔