سکھر، باڑہ مالکان انتظامیہ کیخلاف بھینسیں سڑکوں پر لے آئے

94

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں باڑے مالکان ضلعی انتظامیہ کیخلاف اپنی بھینسیں لیکرسڑکوں پر نکل آئے ،سکھرکوئٹہ روڈ پر دھرنا،سندھ و بلوچستان کے درمیان ٹریفک کی آمدروفت معطل ،سکھرکی کیٹل کالونی میں قائم باڑوں کے مالکان ضلعی انتظامیہ کی بڑھتی ہوئی زیادتیوں کے خلاف تنگ آکر سیکڑوں کی تعداد میں اپنی بھینسیں لے کر سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور انہوں نے اپنی بھینسیں سکھرکوئٹہ روڈ پر کھڑی کرکے دھرنا دے دیا، جس سے سندھ اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی، باڑے مالکان وزیر مہر و دیگر کا کہنا ہے کہ تجاوزات کی آڑ میں ضلعی انتظامیہ ہمارے ساتھ زیادتیاں کررہی ہے ہمارے لیز پر لیے گئے باڑے گرائے جارہے ہیں جبکہ بااثر افراد کے باڑوں کو کچھ نہیں کیا جارہاہے حالانکہ ہم نے اس حوالے سے عدالت عالیہ میں پٹیشن بھی دائر کی ہوئی ہے مگر اس کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے بلاجواز ہمارے قانونی باڑوں کو مسمار کیا جارہا ہے، ہم نے احتجاج بھی کیے ہیں مگر اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔ اس لیے مجبوری میں ہم نے یہ دھرنا دیا ہے اب جب تک ضلعی انتظامیہ ان کارروائیوں کو نہیں روکتی ہمارا دھرنا جاری رہے گا۔