نوابشاہ: عالمی یوم ارض پر ادارہ تحفظ ماحولیات کے تحت شجرکاری

290

نواب شاہ( نمائندہ جسارت)عالمی یومِ ارض کے موقع پر ادارہ تحفظ ماحولیات شہید بینظیرآباد کی جانب سے محکمہ جنگلات اور پرنسپل ڈگری کالج کے تعاون سے شجرکاری کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات شہید بینظیرآباد کے ضلعی انچارج گل امیر سمبل نے گورنمنٹ ڈگری کالج شہید بینظیر آباد اور حبیب شوگر مل میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے پودا لگایا، عالمی یوم ارض کے حوالے سے حبیب شوگر مل میں آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے گل امیر سمبل نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے جس سے کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے اس تبدیلی کی وجہ سے بہت بڑی موسمیاتی تبدیلیاں وقوع پزیر ہو رہی ہیں جس کی ایک بڑی وجہ درختوں کی کٹائی بھی ہے انہوں نے مزید کہا کہ عالمی درجہ حرارت کے بڑھنے سے ہیٹ اسٹروک ،تباہکن بارش، سیلاب اور زرعی فصلوں پر بڑے پیمانے پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ آج کا دن منانے کا مقصد لوگوں کو آگاہی دینا ہے تاکہ وہ جان سکیں کہ ہمارے کرہ ارض کے ماحول کو اور جانداروں کو کن موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا کرنا پڑے گا اور ہم کس طرح ان سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔