لاہور ہائی کورٹ نے اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ضمانت منظور کرلی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شہباز شریف کی درخواست ضمانت سماعت کرتے ہوئے ضمانت متفقہ طور پر منظور کرلی۔
اس سے قبل شہباز شریف کی ضمانت کے کیس میں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال کے اختلافی نوٹ کی بنا پر چیف جسٹس قاسم خان نے فل بینچ تشکیل دیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر اینے بیان میں کہا کہ دس سال کہیں بھی ناانصافی کا سن کر پہنچ جانے والے کو آخر انصاف مل گیا۔ جتنی مرتبہ بھی شہباز شریف صاحب کو گرفتار کیا، ان کا جرم صرف وفا نواز شریف نکلا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کا مقابلہ کرنا ہے تو خدمت میں کرو، جھوٹے مقدمات کے ذریعے خدمت کے نشان نہیں مٹائے جاسکتے۔
دس سال کہیں بھی ناانصافی کا سن کر پہنچ جانے والے کو آخر انصاف مل گیا۔ جتنی مرتبہ بھی شہباز شریف صاحب کو گرفتار کیا، ان کا جرم صرف وفا نواز شریف نکلا۔ شہباز شریف کا مقابلہ کرنا ہے تو خدمت میں کرو، جھوٹے مقدمات کے ذریعے خدمت کے نشان نہیں مٹائے جاسکتے۔ #سرخرو_شہباز_پاکستان pic.twitter.com/8JXyQv42zP
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 22, 2021
ضمانت ہونے کے فیصلے پر رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکمران نے قوم کے تین سال کیوں ضائع کیے۔ ملک میں صرف انتقام اور بربادی کی گئی۔ تین سالوں میں ملک کی معیشت بدنام اور انتقام کی سیاست کی گئی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، انتقام کی سیاست زمین بوس ہوئی، نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں فوری صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔