ملک آگ اور خون کے کھیل کا متحمل نہیں ہوسکتا،احسن اقبال

158

اسلام آ باد (آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں آگ اور خون کے کھیل کے متحمل نہیں ہوسکتے،نئے وزیر خزانہ خود کہہ چکے ہیں کہ حکومتی پالیسیوں نے معیشت کو تباہ کردیا ہے، ملک کو آج جس بحران کا سامنا ہے اس کی ذمہ دار بھی حکومت ہے، اپوزیشن پر الزام تراشی نہیں کرنی چاہیے،سال 2017 کے دھرنے میں جو کردار پاکستان تحریک انصاف نے ادا کیا تھا، (ن) لیگ نے موجودہ حالات میں وہ نہیں کیا، اس وقت عمران خان نے پیٹرول بغل میں اٹھایا ہوا ہوتا تھا اور جہاں دیکھتے تھے کہ کوئی چنگاری ہو اس پر چھڑک دیتے تھے ۔عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے وزیراعظم عمران خان کے پیر کوکیے گئے خطاب کو تنقید کا نشانہ بنایا۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے جو خطاب کیا وہ طعنہ زنی اور الزام تراشی تھی۔ ہم اکثر کہتے ہیں کہ مشکل وقت میں وزیراعظم بات نہ کیا کریں کیوں کہ جب ملک میں ایسے حالات ہوں تو لیڈر کو یہ باتیں نہیں کرنی ہوتی ہیں۔ ملک کے حالات کیا ہیں اور حکومت کی ترجیحات نوازشریف کی جایدادیں ضبط کرنا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک میں ترقی کی جو منظر کشی کی ہے اور جس جنت کا نقشہ کھینچا ہے، ہم سب اس پاکستان میں جانا چاہتے ہیں۔