سراج الحق کا وفدکے ہمراہ تحریک لبیک کے مرکز کا دورہ

332

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پیر کی رات تحریک لبیک پاکستان کے مرکز جامع مسجد رحمت اللعالمین کا دورہ کیا۔ جماعت اسلامی کے قائدین لیاقت بلوچ، امیرالعظیم ، ڈاکٹر فرید پراچہ، میاں مقصوداحمد ، قیصر شریف اور برہان الدین عثمانی ان کے ہمراہ تھے۔ امیرجماعت اور وفد نے ٹی ایل پی کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی ، چوک یتیم خانہ میں پولیس تصادم کے نتیجے میں زخمی افراد کی عیادت کی اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی۔ سراج الحق نے ٹی ایل پی کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے زیرانتظام تمام اسپتال زخمیوں کے مفت علاج کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں۔ انہوں نے ٹی ایل پی کی قیادت کو یقین دلایا کہ تحفظ ناموس رسالت کے مسئلے پر جماعت اسلامی مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہے۔ تحفظ ناموس رسالت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوںنے مظاہرین کے خلاف بلاجواز طاقت کے استعمال اور پولیس کی جانب سے ان پر سیدھی گولیاں چلانے کے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے اس مطالبے کو دہرایا کہ حکومت ٹی ایل پی کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کرتے ہوئے فرانس کے سفیر کو نکالے ، ٹی ایل پی پر عاید پابندی ختم کرے اور تمام قیدیوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔ سراج الحق نے کہا کہ معاملات کے حل کے لیے بات چیت کا طریقہ اپنایا جائے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔