ایران کے ساتھ زیادہ نرمی نہیں برتیں گے‘ امریکی صدر

131

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے ایران کو زیادہ رعایتیں نہیں دیں گے۔ جاپانی وزیر اعظم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خوشی ہے ایران نے مذاکرات میں شمولیت کی کوشش جاری رکھی ہے، تاہم ایران کے جوہری مذاکرات کے نتائج کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2015 ء کے ایران جوہری معاہدے کے پرزور حامی ہیں،لیکن تہران حکومت زیادہ رعایتوں کی امید نہ رکھے۔ دوسری جانب اسرائیل نے کہا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیارحاصل کرنے سے روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ قبرص میں ایک اجلاس کے دوران سینئر اماراتی عہدے دار سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسرائیلی وزیر خارجہ غابی اشکنازی کا کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد خطے میں خوش حالی اور استحکام قائم کرنے کے لیے مل کر کام کرنا تھا۔ اس کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں استحکام اور علاقائی امن کے لیے ہم نے ایران سمیت دیگر چیلنجز پر بھی کھل کر گفتگو کی۔ اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے جو ہوسکا وہ کرے گا۔