خطے میں دیرپا امن کے لیے دنیا مثبت کردارادا کرے، شاہ محمود

135

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں دیرپا اور مستقل قیام امن کے لیے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا، کوروناوبا نے دنیا کی مضبوط اور طاقتور معیشتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے،پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لیے ان معاشی مضمرات سے نمٹنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارتِ خارجہ میں کورونا وبائی صورتحال ،معاشی سفارت کاری اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔وزیر خارجہ نے شرکا اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ جرمنی کے دوران مؤثر جرمن کمپنیوں کے سربراہان اور کاروباری شخصیات سے ہونے والی سود مند ملاقاتوں سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا ہم نے اسی تناظر میں اپنی جغرافیائی سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات سے بدل دیا ہے۔ ہم ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے، معاشی سفارت کاری ، علاقائی روابط کے فروغ کی پالیسیوں پر گامزن ہیں ۔انسانی حقوق کے علمبردار ممالک کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے اور نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔