بلاول بھٹو کی ملک کے مختلف حصوں میں جاری پرتشدد مظاہروں کی مذمت

279

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے مختلف حصوں میں 3 روز سے جاری پرتشدد مظاہروں کی مذمت کی ہے اور کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، سرکاری ونجی املاک پر قبضے اور پولیس پر حملوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ سرکاری ونجی املاک پر قبضے اور پولیس پر حملوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو ایک دلدل میں دھکیل دیا ہے اور ایسی خطرناک دلدل میں دھکیلا گیا ہے جہاں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے، پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پولیس بھی تحفظ کی محتاج نظر آتی ہے، حکومت نے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ پیپلز پارٹی کی ہمدردیاں پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والے تمام بے گناہ شہریوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور پرتشدد واقعات کے زخمیوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماہِ رمضان کی آمد پر اپنے ایک تہنیتی پیغام میں پاکستانی قوم سمیت تمام امتِ مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ یہ ماہ مبارک ایک دوسرے سے حسن سلوک اور تعاون کرنے کا مہینہ ہے، کوروناوائرس وباء کے باعث پوری دنیا غیر معمولی حالات کا سامنا کر رہی ہے، رمضان میں وباء کی صورتحال کے پیش نظر ہر پاکستانی اپنی ذمہ داریوں کا خیال رکھے ۔