سندھ ہائی کورٹ کا وفاق کو کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنیکا حکم

278

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو 10 روز میں کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ کورونا ویکسین وائی سپوٹنک (Sputnik-V) کی قیمت کے تعین کے حوالے سے درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت تاحال کورونا ویکسین کی قیمت مقرر نہیں کرسکی۔ ڈریپ کے وکیل کا کہنا تھا کہ حکومتی ایس آر او کے خلاف عدالتی حکم امتناع قیمت مقرر کرنے میں رکاوٹ ہے۔ عدالت نے ریمارکس دییکہ عدالت نے تو قیمت مقرر کرنے سے نہیں روکا‘یہ تو عدالتی حکم کی تشریح کا معاملہ ہے‘ آپ کابینہ کی رہنمائی کریں۔ ڈریپ کے وکیل کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ اگر سیکشن 12 بحال ہوجائے تو وفاقی کابینہ کے لیے قیمت مقرر کرنا آسان ہوگا۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو 10 روز میں کورونا ویکسین کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ قیمت مقرر ہونے کے بعد قانونی نکات پر فیصلہ دیں گے۔