عدالت عظمیٰ نے حسین لوائی و دیگر کی ضمانت کا معاملہ نمٹا دیا

222

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے جعلی اکائونٹس کیس کے ملزمان محمد عمیر، طحہ رضا اور حسین لوائی کی ضمانت کا معاملہ درخواست گزاروں کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو ہدایت کرتے ہوئے نمٹا دیا ہے۔ معاملے کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے دلائل دیے کہ ہمارے موکلان 2 سال 8 ماہ سے جیل میں ہیں،مقدمے کے شریک ملزمان کی ضمانتیں ہو چکی ہیں۔جسٹس مشیر عالم نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ نیب ملزمان کوگرفتار کرنے کے ڈیڑھ سال بعد ریفرنس دائر کرتا ہے، جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ ضمانت کی درخواستوں میں ہارڈ شپ پر ضمانت نہیں مانگی گئی، ملزمان نے میرٹ اور میڈیکل گراؤنڈز پر ضمانت مانگی ہے،اگر ہارڈ شپ پر ضمانت چاہیے تو دوبارہ ہائیکورٹ جائیں۔ عدالت عظمیٰ نے ملزمان کے وکلا کی رضا مندی سے نئے گراؤنڈز پر ضمانت کے لیے ہائیکورٹس سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا ہے۔