ڈیرہ اسماعیل خان: بنوں، کوہاٹ اور سوات کیلیے چائلڈ کورٹس کا ورچوئل افتتاح

457

ڈیرہ اسماعیل خان: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان نے ڈیرہ اسماعیل خا ن سمیت بنوں،کوہاٹ اور سوات کے چاروں اضلاع میں قائم چائلڈ کورٹس کا ورچوئل افتتاح کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق معزز عدالت پشاور ہائیکورٹ کی جاری کردہ پانچ سالہ ترمیم شدہ نئی یونٹ پالیسی کے تحت خیبر پختونخواہ میں بہتری کے لیے اصلاحات کا عمل جاری ہے جس کے تحت انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے خیبر پختونخواہ کے مزید 4 اضلاع میں چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کا کامیاب اجراء کیا جا چکا ہے۔

خیال رہے اب خیبرپختونخواہ میں چائلڈ کورٹس کی کل تعداد 8 ہو گئی ہے اوراس ضمن میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جناب قیصر رشید خان نے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت بنوں، کوہاٹ اور سوات میں چائلڈ پروٹیکشن کورٹس کا باقاعدہ ورچوئل افتتاح کردیا جویقینی طور پر بچوں کے بڑھتے ہوئے جنسی استحصال کے واقعات کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق تقریب کے ابتدائی کلمات میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ اسماعیل خان جناب محمد یونس خان نے آن لائن تقریب میں شرکت کرنے والے محترم چیف جسٹس جناب قیصر رشید خان، رجسٹرار جناب خواجہ وجیہ الدین ، جج صاحبان و دیگر افسران کو خوش آمدید کہا۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جناب قیصر رشید خان نے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہےکہ معاشرے میں بچوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں دوستانہ ماحول میں انصاف کی فوری فراہمی عدلیہ کی آئینی ذمہ داری ہے ۔

دوسری جانب افتتاحی تقریب میں چاروں اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ایڈیشنل سیشن ججز ، سینئر سول جج ایڈمن اوربار کے صدور نے بھی اپنے اپنے ضلع سے آن لائن شرکت کی جبکہ تقریب کے آخر میں اختتامی کلمات کے ذریعے سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ اسماعیل خان جناب محمد یونس خان نے چیف جسٹس قیصر رشیدخان سمیت تمام معزز جج صاحبان و دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

ورچوئل افتتاح کی اختتامی تقریب کے بعدضلعی عدلیہ ڈیرہ اسماعیل خان میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد یونس خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم کردہ چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

 اس مختصر سی تقریب میں ایڈیشنل سیشن جج صاحبان محمد عاصم، سید حامد قاسم، عادل مجید خان ، سید افتخار شاہ، ظفر اللہ خان مہمند، جج چائلڈ پروٹیکشن کورٹ محمد آصف، سینئر سول جج جوڈیشل احسان الحق،سینئر سول جج ایڈمن سیداسرار علی شاہ،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن محترم قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ اور سپرنٹنڈنٹ سیشن کورٹ سعید احمد خان نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد یونس خان نے پشاور ہائی کورٹ پشاور کے اس تحسین آمیز اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں چائلڈ پروٹیکشن کورٹ کا قیام ضلعی عدلیہ کے لئے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے معاشرے میں یقینا بچوں کو تحفظ حاصل ہوگا جبکہ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات سے کیا گیا۔

بچوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے
بچوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے