فضل الرحمان کا عید کے بعد ملک گیر احتجاج تحریک شروع کرنے کا فیصلہ

177

اسلام آباد ،حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر، آن لائن ) پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمود اچکزئی نے مولانا فضل الرحمان کی صحت بارے دریافت کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اتفاق کیا کہ کوئی ساتھ چلے یا نہ چلے ہم عید کے بعد میدان عمل میں نکلیں گے ، اس حوالے سے محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد عمران خان کو ہٹانا نہیں موجودہ فرسودہ نظام کی تبدیلی ہے۔علاوہ ازیں پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں جلد بڑی حقیقی تبدیلی آئے گی،آئین کی بالا دستی اور عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ،ملک کو اہل دیانتدار،بااعتمادقیادت کیلیے لائحہ عمل کے ذریعے بحرانوں سے نجات دلائیں
گے،علماء مشائخ حقیقی تبدیلی کے ضامن ہوتے ہیں انھیں اغیار کے اشاروں پر جعلی مینڈیٹ والوں کے خلاف میدان میں آنا ہوگا، مساجدو مدارس کے حوالے سے علما ء و مشائخ کی مشاورت کے بغیربنایاگیاکوئی بھی قانون وپابندیاں قبول نہیں ۔ وقف املاک ایکٹ کے خلاف ملک گیرتحریک کی ضرورت ہے ،علما ء و مشائخ کو ایک پیج پر آنا ہوگا ۔ مساجدومدارس کی آزادی پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان سفیرامن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی نے فون کر کے مولانا فضل الرحمن کی عیادت کرتے ہوئے خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کی دعا اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔،مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وقف املاک ایکٹ در اصل اسلام اور نظریہ پاکستان پر حملہ ہے اس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھرکے تمام مسالک کے علما کرام و مشائخ عظام نے اس ایکٹ کومستردکردیاہے اگرحکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے توملک میں افراتفری پیداہوگی۔