جہانگیر ترین کو کوئی تشویش ہے تو وزیراعظم سے ملیں ،شاہ محمود

297

ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر جہانگیر ترین کو کوئی تشویش ہے تو وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی عمران خان کے فیصلے کے پابند ہیں، آزاد اراکین نے بیان حلفی جمع کروایا اور اسمبلی میں تحریک انصاف کی بینچ پر بیٹھنا شروع کیا۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کو جہانگیر ترین سے کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ17 شوگر ملز کو نوٹس ملے ان میں سے صرف ایک مل جہانگیر ترین کی ہے، اگر جہانگیر ترین کو کوئی تشویش ہے تو وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں، عمران خان خندہ پیشانی سے جہانگیر ترین کی ہر بات سنیں گے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہماراکوئی ممبر کسی دوسری پارٹی میں نہیں جا رہا، میرا پیپلز پارٹی سے اختلاف ہوا تو میں نے اپنی سیٹ چھوڑی اور استعفا دیا۔یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن رمضان ریلیف پیکج کی
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کریں گے، بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مسائل کا حل جنگ نہیں ہے۔ 2 ایٹمی طاقتیں جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتیں۔