ملکی ساحلوں کو اسمگلنگ فری اور معیشت کو بہتر بنائینگے‘ شیخ رشید

450

کراچی(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی ساحلی پٹی کی حفاظت کے لیے کوسٹ گارڈز کا کردار لائق تحسین ہے‘انسانی اسمگلنگ، منشیات اور مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام میں کوسٹ گارڈز نے نمایاں کردار کیا اور مختلف آپریشنز کے دوران 4 ارب روپے مالیت کی غیر قانونی مصنوعات پکڑیں‘ ساحلوں کو اسمگلنگ فری بنائیں گے اور ملکی معیشت کو مضبوط کریںگے۔ وہ ہفتے کو پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹر کورنگی میں ریکروٹس کے40 ویں بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈکی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں اتنی بڑی تعداد میں سیکورٹی نہیں دیکھی‘ الیکشن پر امن ہوا‘ یہ میرے لیے بہت بڑی خبر ہے‘ دونوں پارٹیاں کہہ رہی ہیں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی جو اچھی بات ہے۔ ایف آئی اے سندھ کے زونل آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے اپوزیشن نہیں‘ مہنگائی چیلنج ہے‘ وزیراعظم کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی‘ پی ڈی ایم ختم ہوچکی ہے‘ اس کا سب سے زیادہ نقصان مولانا فضل الرحمن کی سیاست کو پہنچا ہے‘ جہانگیر ترین کو انصاف ملے گا‘ ن لیگ کو فوج مخالف زبان استعمال کرنے پر قیمت ادا کرنی پڑے گی‘ آصف زرداری بہت احتیاط سے پتے کھیل رہے ہیں۔