اورنگی اور گجرنالہ متاثرین کی درخواستیں عدالت عظمیٰ میں جمع

175

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)تجاوزات کی آڑ میں لیز مکانات مسمار کرنے کے معاملے پرگجر نالہ اور اورنگی نالے کے متاثرین نے درخواستیں عدالت عظمیٰ میں جمع کرادیں۔ 150 سے زاید متاثرین نے درخواستیں ہیومن رائٹس سیل کو ارسال کیں،درخواستیں احتجاج کے بعد عدالت عظمیٰ رجسٹری کے عملے کے پاس جمع کرائی گئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ برسوں قبل کے ایم سی، کچی آبادی اور کے ڈی اے نے گھر لیز پر دیے،تجاوزات کی آڑ میں لیز مکانات توڑے جارہے ہیں،لیز مکانات توڑنے سے قبل متبادل جگہ اور معاوضہ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ علاوہ ازیںعدالت کے باہر دوسرے دن بھی کیسز کی سماعت سے قبل احتجاج کیا گیا، ڈی ایم سی اور الائیڈ بینک کے ملازمین نے عدالت کے باہر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کی ملازمت مستقل اور تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور ریٹائرڈ ملازمین کا کہنا تھا کہ برسوں گزر گئے لیکن ہمارے واجبات ادا نہیں کیے جا رہے،مطالبات کی منظوری تک وہ اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے رہیں گے۔