اسلام آباد‘ لاہور‘ ڈسکہ (صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے این اے75 ڈسکہ میں آج ہونے والے ضمنی انتخاب کی خود مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میںچیف الیکشن کمشنر اسلام آباد سے لاہور روانہ ہوگئے، چیف الیکشن کمشنر صوبائی دفتر پنجاب میں بیٹھ کر این اے75 الیکشن کی مانیٹرنگ کریں گے۔ حکمران جماعت تحریک انصاف کے رہنماعلی اسجد ملہی اور ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔این اے75 کے الیکشن کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ الیکشن کمیشن نے پولنگ عملے کو خصوصی ہدایت نامہ جاری کر دیا۔واضح رہے کہ ڈسکہ کی سیٹ ن لیگی رہنما صاحبزادہ سید افتخارالحسن شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی،جہاں کل360پولنگ ا سٹیشنز ہیں۔حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔