راولپنڈی(صباح نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسزانسٹیٹیوٹ فارری ہیبیلٹیشن میڈیسن کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ فارری ہیبیلٹیشن میڈیسن راولپنڈی کا دورہ کیا۔ آرمی میڈیکل کورکی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل نگارجوہر نے وزیرخارجہ کا خیرمقدم کیا۔وزیرخارجہ نے مختلف وارڈزکا دورہ کیا اورزیرعلاج پاک فوج کے باہمت اورپرعزم جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیرخارجہ کو آرمڈ فورسزانسٹیٹیوٹ فارری ہیبیلٹیشن میڈیسن کے دائرہ کار اور کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیرخارجہ نے اے ایف آئی آر ایم کے دورے کے دوران جنگ میں زخمی ہونے والے فوجیوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیرخارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے قربانیاں دینے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔