غربت کی شرح میں کمی اولین ترجیح ہے‘ شاہ محمود قریشی

216

اسلام آباد(آن لائن ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دیرپا ترقی کے اہداف 2030 کے حصول میں، یو این ڈی پی کی معاونت قابلِ تحسین ہے،دیرپا ترقی کا حصول اور غربت کی شرح میں کمی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ہم معاشی سفارت کاری کو موثر انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل یو این ڈی پی و ڈائریکٹر ریجنل بیورو فار ایشیاء پیسفک مس کانی وگنا راجہ سے ورچول ملاقات میں کیا ۔پاکستان میں تعینات یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ نمائندے مسٹر “کنوٹ اوسٹبی” بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ملاقات میں پاکستان میں یو این ڈی پی کے جاری منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے یو این ڈی پی کے کردار کو سراہا۔وزیر خارجہ کا اس موقع پر کہناتھا کہ ہم نے اپنی جغرافیائی، سیاسی ترجیحات کو جغرافیائی معاشی ترجیحات میں تبدیل کیا ہے۔دیرپا ترقی کا حصول اور غربت کی شرح میں کمی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ہمیں توقع ہے کہ یو این ڈی پی پاکستان کے پسماندہ اور دیہی علاقوں تک اپنے منصوبوں کا دائرہ کار بڑھائے گی۔وزیر خارجہ نے “ایس ڈی جی، انوسٹمنٹ فیئر 2021 کے انعقاد اور” ایس ڈی جی انوسٹر میپ” کی تیاری میںیو این ڈی پی کی تکنیکی معاونت کی تعریف کی۔