توشہ خانہ ریفرنس، زرداری، گیلانی و دیگر کیخلاف گواہ پیش نہ ہوسکے

317

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت میں آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی وغیرہ کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں گواہوں کی عدم موجودگی کے باعث
سماعت 15 اپریل ملتوی تک کردی گئی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عرفان بھولا، وسیم جاوید عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وکیل صفائی نے آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی، خواجہ انور مجید اور عبد الغنی مجید کی ایک روز کیلیے حاضری سے استشنا کی درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرلیا، عدالت نے استفسار کیا کہ نیب کے گواہ دلاور اور صاحب اختر سہیل کو طلب کیا تھا کہاں ہیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر عرفان بھولا نے بتایا کہ دلاور نے سکھر سے آنا تھا لیکن والد کی طبیعت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکے، صاحب اختر سہیل راستے میں ہیں۔ دوبارہ سماعت شروع ہونے پر بھی صاحب اختر سہیل پیش نہ ہو سکے جبکہ نیب کے گواہوں محمد احد اور زبیر صدیقی پر جرح نہ ہو سکی اور وکیل صفائی کی جانب سے جرح کیلیے تیاری کا وقت دینے کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی۔