گوادر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے‘جام کمال

164

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال عالیانی نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یہ بات انہوں نے گوادر میں چیف منسٹر اینکسی، نیو ٹاؤن ہاؤسنگ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد ر کھنے کے موقع پر تعمیراتی کام کی کوالٹی اور میٹریل کے درست استعمال کو یقینی بنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔وزیر اعلیٰ کو 16.493ملین روپے کی لاگت سے زیر تعمیر ویمن بزنس سینٹر، 19.757 ملین روپے کی لاگت سے ویمن بازار اور120.00 ملین کی لاگت سے یوتھ ہاسٹل کے تعمیراتی پروجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو گوادر میں صحت، تعلیم، پانی سمیت دیگر مسائل پر بھی آگاہی دی گئی۔ ڈی سی نے بتایا کہ گوادر میں کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد یومیہ 92 ہے، جہاں3 سے5 فیصد کی شرح سے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ سیکرٹری صحت نے بتایا کہ صوبے میں کورونا کیسز کی شرح بڑھتی جا رہی ہے، کورونا کیسز کا اسپتالوں میں بوجھ نہیں بڑھا، وزیراعلیٰ نے سیکرٹری پی ایچ ای کو ڈی سلینشن پلانٹس سے متعلق سمری تیار کرنے کی ہدایت کی جبکہ ترقیاتی پروگرام سیاحت کے فروغ کے لیے تجاویز پر اہم فیصلے کیے گئے۔