اسلام آباد (نمائندہ جسارت) روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی اپنی چھتری خود نہ اٹھانے پرتنقید کی زد
میں آ گئے۔ اسلام آباد ائرپورٹ پر پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود کی جانب سے روسی ہم منصب کے استقبال کی وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورگئیںجن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہ محمود قریشی سرگئی لاروف کے استقبال کے لیے آئے تو اس وقت بارش ہورہی تھی جس کے باعث ایک شخص نے ان کی چھتری اٹھارکھی تاکہ پاکستانی وزیر خارجہ بارش میں بھیگ نہ جائیں۔ سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی کہ اگر روسی وزیر خارجہ خود چھتری اٹھاسکتے ہیں تو شاہ محمود کیوں نہیں؟ ۔سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے ہے کہ روس جیسے بڑے ملک کا وزیر خارجہ جب خود چھتری اٹھاسکتا ہے تو پاکستانی وزیر خارجہ ایسا کیوں نہیں کرسکتے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ہم سے بہت زیادہ ترقی یافتہ ملک کے وزیر خارجہ کو اپنی چھتری اٹھاتے ہوئے شرم محسوس نہیں ہو رہی مگر پاکستان کے وزیر خارجہ اپنی چھتری اٹھاتے ہوئے عار محسوس کر رہے ہیں۔