پیپلزپارٹی کو چھوڑیں، ن لیگ بھی استعفے نہیں دے گی، شیخ رشید

150

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی سیاست الگ ہو چکی ہے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈیم ایم) اپنی موت آپ مرے گی اور یہ دونوں جماعتیں الگ الگ گروپ بنائیں گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ پی ڈی ایم اپنی موت آپ مرے گی، اب دو گروپ بنیں گے، مسلم لیگ(ن) کا اپنا گروپ ہو گا اور پیپلز پارٹی اپنا گروپ بنائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اصلہ مسئلہ یہ ہے کہ اب انہیں کرنا کیا ہے، استعفے انہوں دینے نہیں ہیں، پیپلزپارٹی کو تو چھوڑیں مسلم لیگ(ن) بھی استعفے نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ یہ الیکشن میں حصہ لیں گے، انہوں نے لیا، انہوں نے کہا تھا کہ ہم سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے تو انہوں نے اس میں بھی حصہ لیا، انہوں نے کہا تھا کہ بائیکاٹ نہیں کریں گے تو نہیں کیا، انہوں نے کہا تھا کہ استعفے نہیں دیں گے تو وہ بھی نہیں دیے، اب آخر ان کے پاس رہ ہی کیا گیا ہے۔وزیر داخلہ نے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کی صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ طے ہے کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی سیاست الگ ہو چکی ہے اور یہ عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے 10 رکنی سیاسی کمیٹی بنائی ہوئی ہے اور اس میں آج علی ظفر کو بھی الیکشن اصلاحات کا کہا ہو گا لیکن کیا اپوزیشن ایسی بات سننے کے لیے تیار ہے، یہ فیصلہ اپوزیشن کو ہی کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈھائی سال کے بعد عمران خان نے مختلف طرز عمل کی سیاست شروع کی ہے کہ ہم اپوزیشن سے بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن اپوزیشن کس حد تک تیار ہوتی ہے، یہ آنے والے دنوں میں رمضان کے بعد پتہ چل جائے گا کہ وہ کیا سیاست کرتے ہیں اور کیا نتیجہ نکلتا ہے۔