سکھر (نمائندہ جسارت) صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے انتخابات میں دوست پینل کی بھرپور کامیابی، تمام عہدوں پر دوست پینل کے امیدوار کامیاب ہوگئے، دوست پینل کے قائد حاجی محمد جاوید میمن تیسری مرتبہ صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے صدر منتخب ہوگئے، جاوید میمن نے مخالف آصف مغل کے 211 ووٹوں کے مقابلے میں 221 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ سینئر نائب صدر کے لیے حاجی غلام شبیر بھٹو منتخب ہوگئے۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد صرافہ بازار کے ممبران سے اظہار تشکر کے لیے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نومنتخب صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا کہ صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کے ممبران نے جس اعتماد اور بھروسے کا اظہار کرتے ہوئے مجھے تیسری مرتبہ صرافہ ایسوسی ایشن سکھر کا صدر منتخب کیا ہے، میں ان کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائوں گا، ہمارا ماضی ہال سب کے سامنے ہے ہم نے ہمیشہ بلاتفریق صرافہ ایسوسی ایشن کے ممبران، کاریگروں، دکانداروں سمیت شہر بھر کے تاجروں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دیں، آئندہ بھی اسی انداز سے صرافہ ایسوسی ایشن کے ممبران کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرافہ ایسوسی ایشن کے تمام ممبران آپس میں متحد ہیں، ان میں تفرقہ پھیلانے والے عناصر کبھی بھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ آئندہ بھی صرافہ بازار کے ممبران کے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ان کے مسائل حل کرائیں گے اور صرافہ ایسوسی ایشن کو ایک مثالی یونین بنائیں گے۔ علاوہ ازیں صرافہ بازار کے ممبران کی جانب سے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر کا والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا گیا، جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ہار پہنائے گئے اور اجرکیں پیش کی گئیں۔ اس موقع پر دوست پینل کے نومنتخب سینئر نائب صدر حاجی غلام شبیر بھٹو، محمد ذاکر خان، محمد عرفان، وسیم قریشی، محمد کامل، عمران اللہ، راشد صدیقی، محمد جاوید، محمد اکرم، محمد خالد، محمد رفیق، محمد آصف، فیاض خان، کیلاش، عدنان، یونس بندھانی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔