فخرزمان کا دوسری اننگ میں سب سے بڑا اسکور

257

سید پرویز قیصر
جنوبی افریقا کے خلاف جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کے افتتاحی بلے باز فخر زمان نے224 منٹس میں155 گیندوں پر18 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے193 رنز بنائے جو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے سب سے بڑا اسکور ہے۔
اس سے پہلے بعد میں بلے بازی کرتے ہوئے سب سے بڑا اسکور کرنے کا ریکارڈ آسڑیلیا کے شین واٹسن کے پاس تھا جنہوں نے بنگلادیش کے خلاف ڈھاکامیں11 اپریل2011 کو کھیلے گئے میچ میں113 منٹ میں96 گیندوں پر15 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 185 رنز بنائے تھے۔
فخرزمان کے193 رنز پاکستان کے لئے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوسرا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکاڑد بھی ٖفخر زمان کے پاس ہے جنہوں نے بلاوایو میں20 جولائی2018 کو221 منٹ میں156 گیندوں پر24 چوکوؓں اور5 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر210 رنز بنائے تھے۔
بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے فخرزمان نے 193 رنز کی اننگ کے دوران10 مرتبہ گیند کو بائونڈری لائن سے باہر کی سیر کرائی اور وہ پاکستان کی جانب سے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگ میں 10یا اس سے زیادہ چھکے لگانے والے تیسرے کھلاڑی بنے۔
ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کے لئے ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکاڑ شاہد آٖفریدی کے پاس ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف4 اکتوبر1996 کو نیروبی میں کھیلے گئے میچ میں اپنی50 منٹ میں40 گیندوں پر102 رنز کی اننگ کے دوران11چھکے اور6 چوکے لگائے تھے۔ شاہد آٖفریدی نے پہلی مرتبہ کسی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بلے بازی کی تھی۔ انہوں نے 37 گیندوںپر سنچری مکمل کی تھی جو اس قسم کی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری تھی۔ اب یہ تیسری سب سے تیز سنچری ہے۔
ابو ظبہی میں 31 اکتوبر2010 کو کھیلے گئے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں عبدالرزاق نے جب102 منٹ میں72 گیندں پر آئوٹ ہوئے بغیر109 رنز بنائے تھے تو اس میں10 چھکے اور7 چوکے لگائے تھے۔
فخرزمان کے193 رنز جنوبی افریقا میں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ جنوبی افریقا کے فف ڈو پلیسس کے پاس تھا جنہوں نے 7 فروری2017 کو کیپ ٹائون میں سری لنکا کے خلاف212 منٹ میں141 گیندوں پر16 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے185 رنز بنائے تھے۔
آسڑیلیا کے ڈیوڈ وارنر نے جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹائون میں12 اکتوبر2016 کو کھیلے گئے میچ میں 218 منٹ میں136 گیندوں پر24 چوکوں کی مدد سے173 رنز بنائے تھے جو جنوبی افریقا میں کسی غیر ملکی کھلاڑی کا سابقہ سب سے بڑا اسکور تھا۔