کوئٹہ: جمعیت علما اسلام پاکستان کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ سیاست میں بلاول زرداری اور مریم صفدر ابھی تک ”سیاسی تربیت“کے مراحل میں ہیں۔
حافظ حسین احمد نے کہا کہ سیاست میں بلاول زرداری اور مریم صفدر ابھی تک طفل مکتب ہیں انہیں چاہیے کہ وہ دیگر تجربہ کار سیاسی قائدین کے بارے میڈیا میں خود مخاطب ہونے کے بجائے اپنے والد آصف زرداری اور میاں نواز شریف کو موقع فراہم کریں تو زیادہ مناسب ہوگا۔
حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ بلاول اور مریم کی ناتجربہ کاری اور بے احتیاطی سے نہ صرف جمہوری عمل کی بحالی کے لیے مشترکہ جدوجہد بلکہ اپنی اپنی پارٹیوں کے لیے بھی بعض مشکلات کا باعث بنتی رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کالاڑکانہ ضمنی الیکشن کے حوالے سے گلہ کیا نا مناسب ہے کیونکہ اپوزیشن کا کوئی انتخابی اتحاد نہیں،جب گلگت بلتستان کےضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف الگ الگ انتخاب لڑسکتے ہیں تو لاڑکانہ میں بھی جے یو آئی ف کسی بھی سیاسی گروپ سے ملکر انتخاب لڑنے کا حق رکھتی ہے۔