اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 افرادکو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد کے اسسٹنٹ کمشنر رورل اور ان کی ٹیموں نے کورونا ایس او پیز پر عمل یقینی بنانے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کورونا سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزی پر 10 افراد کو حراست میں لیا۔اسسٹنٹ کمشنر رورل نے لاک ڈائون سے متعلق احکامات پر عمل کرانے کی کوششوں پر پولیس اور مقامی سیکورٹی کے اقدامات کو سراہا۔ علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 دکانوں کو سیل اور 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سیکٹر آئی ٹین اور جی 13 مراکز کے دورے کے دوران انہوں نے حکومتی نوٹی فکیشن پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صرف اشیائے ضروریہ کی دکانوں ہی کو چلانے کی اجازت ہے۔ دریں اثنا اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے آگاہی مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں مساجد کے ذریعے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔