ٹمبا بومبا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 16 ویں کپتان

254

سید پرویز قیصر
ٹمبا بومبا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں جنوبی افریقا کی قیادت کرنے والے 16 ویں کپتان بنے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف سنچورین میں پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کی۔
دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس کھلاڑی نے6 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کی۔ وہ جنوبی افریقاکے چوتھے سب سے کم تجربہ والے کپتان ہیں۔
کلائیو رائز جنوبی افریقا کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں پہلے کپتان تھے۔ انہوں نے اپنے پہلے ہی ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں اپنی ٹیم کی قیادت کی تھی۔ بھارت کے خلاف کولکاتہ میں10 نومبر1991 کو انہیں پہلی مرتبہ کپتانی کا موقع ملا تھا جس میں 3 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے تیسرے میچ میں جو نئی دہلی کے جواہر لال نہرواسٹیڈیم میں 14 نومبر1991 کو کھیلا گیا اپنی ٹیم کو8 وکٹوں سے فتح دلائی تھی۔ کل 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں انہیں کپتانی کا موقع ملا جس میں ایک میں کامیابی ملی اور 2 میں شکست ہوئی۔ایڈین مارکرم کو2 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بعد جنوبی افریقا کی کپتانی کا موقع ملا تھا۔بھارت کے خلاف4 فروری 2018 سنچورین میںایڈین مارکرم کو پہلی مرتبہ جنوبی افریقا کی قیادت کا موقع ملا تھا۔ اس میچ میں جنوبی افریقا کو177 گیندیں رہتے 9 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔ انہوں نے کل 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں کپتانی کی جس میں4 میچوں میں انہیں شکست ہوئی اور ایک میچ میں کامیابی ملی۔ یہ کامیابی بھارت کے خلاف جوہانسبرگ میں10 فروری2018 کو کھیلے گئے میچ میں ملی تھی۔
کپلر ویسلز نے 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں شرکت کرنے کے بعد جنوبی افریقا کی قیادت کی تھی۔آسڑیلیا کے خلاف26 فروری1992سڈنی میں انہوں نے پہلی مرتبہ جنوبی افریقا کی قیادت کی تھی اور اس میچ میں9 وکٹوں سے جیت دلائی تھی۔ کپلر ویسلز نے جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنے سے پہلے آسڑیلیا کے لئے54 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے تھے۔
جنوبی افریقا کے لئے سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں قیادت کرنے والے گریم اسمتھ نے22 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم کی قیادت کی تھی۔ انہوں نے جن149 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جنوبی افریقاکی قیادت کی اس میں92 میں فتح ملی،51 میں شکست ہوئی، ایک میچ ٹائی رہا جبکہ 5 میچ نامکمل رہے۔ہنسی کرونئے نے سب سے زیادہ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جنوبی افریقاکو جیت دلائی ہے۔ انہوں نے کل138 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جنوبی افریقا کی قیادت کی جس میں99 میں فتح ہوئی35 میں شکست ملی۔ایک میچ ٹائی رہا جبکہ 3 میچ نامکمل رہے۔
جین پال ڈومنی جنوبی افریقا کے ایسے کپتان ہیں جنہوں نے اپنے تمام ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے 2 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں جنوبی افریقا کی قیادت کی ہے اور دونوں میں ہی جیت دلائی ہے۔ زمبابوے کے خلاف کمبرلی میں30 ستمبر2018 کو انہوں نے پہلی مرتبہ قیادت کی تھی جس میں143 گیندیںقبل 5 وکٹوں سے جیت ہوئی تھی۔