اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ حکومت اپنے آپ کو مارنے پر تلی ہے، ہم تو حکومت کا تماشا دیکھ رہے ہیں،جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے باہر جانے کے معاملے کو مسئلہ بنانا حکومت نہیں ہمارے لیے اچھا ہے ، حکومت کو خطرہ ہے اس لیے مریم نواز کے ہر بیان پر وزرا کا ردعمل آتا ہے ، بیمار ہونے کے باوجود مریم نواز گھر سے سیاسی
معاملات دیکھ رہی ہیں، مریم نواز پوری طرح متحرک ہیں ،وہ خاموش ہو جائیں یہ حکومت کی خام خیالی ہے ۔محمد زبیر نے کہا کہ مریم نواز کے لیے حکومت سے کوئی مدد نہیں مانگ رہے ، حکومت بھول جائے کہ ان کے جانے سے پہلے مریم نواز یہاں سے جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے یا نہیں یہ آئندہ اجلاس میں واضح ہو جائے گا ،ڈسکہ الیکشن پر عدالت کا فیصلہ مسلم لیگ ن کی جیت ہے ۔