مظفر آباد (نمائندہ جسارت) چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے قانون ساز اسمبلی میں قرارداد پیش کی، جس میں لکھا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کے لیے با اختیار ،باوقار ،باوسائل نظام حکومت کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اجلاس یہ واضح کرتا ہے کہ گلگت بلتستان تاریخی طور پر ریاست جموں وکشمیر کا حصہ ہے۔ پوری ریاست کی متنازع حیثیت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور حکومت پاکستان کے موقف کی روح سے مسلمہ ہے، اس لیے گلگت بلتستان کی حیثیت کے حوالے سے فیصلہ کرتے وقت ان تاریخی حقائق کو پیش نظر رکھا جائے۔ بین الاقوامی محاذ پر سرگرم کشمیری تارکین وطن اور سفارتی امور کے ماہرین کا بھی یہی اسرار ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے اس انتہائی نازک مرحلے پر کوئی ایسی بے تدبیری نہ کی جائے، جس کے نتیجے میں تقسیم ریاست کے بھارتی موقف کو تقویت ملے یا بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور کشمیریوں کا تاریخی موقف مجروح ہو۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے اہم فیصلے کرتے وقت قائدین حریت کانفرنس، کشمیری قیادت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور بند کمروں میں آئینی اصلاحات جیسے نازک امور بجا لانے کے بجائے ریاست کے معتبر اداروں اور اہل دانش کی مجالس میں زیر بحث لایا جائے۔