راولپنڈی ،اردوبازار میں آتشزدگی ،گودام دکانیں گاڑیاں خاکستر

243
راولپنڈی: اردو بازار میں لگنے والی آگ بجھانے کی کوشش کی جارہی ہے، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تنگ گلی میں پھنسی ہوئی ہیں موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد لوگوں سے تفصیلات معلوم کررہے ہیں

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے اردو بازار میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں درجنوں دکانیں، املاک، گودام اور گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں تفصیلات کے مطابق ایک دکان میں لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پھیلتی گئی اور بے قابو ہوگئی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے فائر ٹینڈر جائے وقوع پرپہنچے، تاہم تنگ گلیوں، فائر سیفٹی سسٹم کی عدم فراہمی کے باعث امدادی کارروائی تاخیر سے شروع ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق صرف ایک فائر ٹینڈر ہی مقام تک پہنچ سکا، تاہم اس وقت تک آگ نے بازار میں قائم گوداموں، قریبی گھروں کے علاوہ پارکنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جہاں کھڑی متعدد موٹرسائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ آگ بجھانے کے لیے واسا کے 10 سے زائد واٹر ٹینکرز بھی اردو بازار پہنچا دیے گئے، جب کہ بحریہ ٹاون کے فائر ٹینڈرز بھی آگ بجھانے پہنچے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن انوار الحق راولپنڈی اردو بازار میں لگنے والی آگ کے واقعے کے موقع پر پہنچ گئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کی جائے گی، تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔