اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنماء سینیٹر شیری رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر بات چیت کیلیے لندن کال کی تھی لیکن مسلم لیگ(ن) کے رہنما اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ اس معاملے پر بات نہیں ہوسکتی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران فرینڈلی اپوزیشن کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہی اگر ساتھ نہیں کھڑی ہونا چاہتی، اپوزیشن توڑنا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی، یہ دوررس فیصلہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کبھی بھی کسی بھی چیز کو زیر بحث لانے سے نہیں بھاگی، این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ن لیگ نے رابطہ کیا اور ہم نے کھلے دل سے انہیں خوش آمدید کہا، بات چیت کی اور بتایا کہ کمیٹی سے بات کریں گے۔ گزشتہ 3 سال سے سینیٹ میں مہنگائی اور دیگر مسائل پر بات کرنے والوں میں پیپلزپارٹی سب سے آگے تھی۔