شہباز شریف کی استدعا: منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 15 اپریل کو ہوگی

572

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کیس پر سماعت کرتے ہوئے دونوں کیسز کی سماعت ملتوی کردی، منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 15 اپریل اور آشیانہ ہائوسنگ اسکینڈل کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی کی گئی۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد نے منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت کی۔ شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر استدعا کی کہ کورونا وباء شدت اختیار کرچکی ہے لمبی تاریخ دیدیں۔ عدالت نے استفسار کیا آپ کون سی تاریخ چاہتے ہیں؟ شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ کم از کم 14 دن کی تاریخ دی جائے۔ جس پر عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں آشیانہ ہائوسنگ کیس کی سماعت بھی ہوئی جسے 21 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔