جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف 79 میں سے50میچ جیتے

316

 

سید پرویز قیصر
جنوبی افریقا اور پاکستان کے مابین تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز کاپہلا میچ سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں جمعہ(2 اپریل) کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ہونے والا یہ کل ملاکر80 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور جنوبی افریقا میں 35 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوگا۔ جنوبی افریقا نے ابھی تک جو 79 ایک روزہ بین الاقوامی میچ پاکستان کے خلاف کھیلے ہیں اس میں 50 میں اسے فتح ملی ہے،28 میں شکست ہوئی ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔ اپنے گھرپر اس نے پاکستان کے خلاف34 میں سے21 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پاکستان نے12 میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔دو ٹیموں کے مابین جوآخری 5 میچ ہوئے ہیں اس میں پاکستان نے 7 اور جنوبی افریقا نے 3 میں جیت درج کی ہے۔ لارڈز میں کے تاریخی میدان پر عالمی کپ کے سلسلے میں جو23 جون 2019کو جب دونوں کے مابین آخری مقابلہ ہوا تھا تو پاکستان نے49 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف چھ میں سے دو میچ جیتے ہیں۔
جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور50 اوورمیں چھ وکٹ پر 392 ہے جو اس نے سنچورین میں4 فروری2007 کو بنایا تھا۔ پاکستان کا جنوبی افریقا کے خلاف سب سے بڑا اسکور50 اوور میں چار وکٹ پر351 ہے جو اس نے ڈربن میں7 فروری 2007 کو بنایا تھا۔
جنوبی افریقا کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور26.5 اوورمیں101 ہے جو اس نے شارجہ میں28 مارچ 2000کو بنایا تھا۔ پاکستان کا جنوبی افریقا کے خلاف سب سے کم اسکور25 اوور میں 89ہے جو اس نے موہالی میں27 اکتوبر2006کو بنایا تھا۔
سلیم الہٰی نے پورٹ الزبتھ میں11 دسمبر2002 کو کھیلے گئے میچ میں129 بالوں پر19 چوکوں کی مدد سے 135 رنز بنائے تھے جو پاکستان کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ جنوبی افریقا کے لیے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا ریکارڈ ابراہم ڈی ویلرز کے پاس ہے جنہوں نے جوہانسبرگ میں17 مارچ2013 کو کھیلے گئے میچ میں108 بالوں پر12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے128 رنز بنائے تھے۔
جنوبی افر یقا کے لیے پاکستان کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ڈیل اسٹین کے پاس ہے جنہوں نے پورٹ الزبتھ میں27 نومبر2013کو کھیلے گئے میچ میں نو اوور میں39 رن دیکر چھ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔وسیم اکرم نے ایسٹ لندن میں15 فروری1993کو کھیلے گئے میچ میں6.1 اوور میں16رنز دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ یہ پاکستان کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف سب سئے اچھی بولنگ کے ساتھ ساتھ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں انکی دوسری سب سے اچھی بولنگ کارکردگی بھی ہے۔اس میچ میں پاکستان نے نو وکٹ سے جیت درج کی تھی۔