قانون سازی میں سندھ اسمبلی کا ریکارڈ بہتر رہا، شہلا رضا

74

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ترقی نسواں سندھ سیدہ شہلا رضا نے کہا ہے کہ قانون سازی میں سندھ اسمبلی کا ریکارڈ دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ بہتر رہا ہے،اراکین سندھ اسمبلی نے اہم ایشوز پر متفقہ قانون سازی کی ہے جبکہ عورتوں کے جائز و مساوی حقوق کے لیے بھی ہم اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عورت فاؤنڈیشن کے تحت کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ دو روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما و اراکین سندھ اسمبلی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بے پناہ مسائل ہیں، ہم بڑی محنت سے قانون سازی کرتے ہیں تاہم یہ بھی مشاہدے میں آیا ہے کہ متعدد مرتبہ متعلقہ لوگوں کو قوانین کے بارے میں علم نہیں ہوتا جس کے باعث قانون پربہتر طریقے سے عملدرآمد نہیں ہوپاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ کسی بھی قانون سازی سے متعلق اپنے لوگوں کو مکمل آگہی فراہم کریں اور قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔