بلدیہ ٹاؤن میں پانی کی قلت دور کی جائے،تحریک لبیک

175

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ڈویژن کے حلقہ پی ایس 115 بلدیہ ٹاؤن سے منتخب تحریک لبیک پاکستان کے رکن صوبائی اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری نے حلقہ پی ایس 115 میں عوام کی شکایات پر مختلف علاقوں کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت نے بلدیہ ٹاؤن میں عوام کو شدید پریشانی سے دوچار کر رکھا ہے پانی جو کہ اللہ کی عظیم نعمت ہے، اسے حکومت کی بد ترین حکمت عملی کی وجہ سے ضائع کیا جارہا ہے۔ 30,30سال پرانی پانی کی لائنوں کی وجہ سے ہزاروں گیلن پانی روزانہ ضائع ہوجاتا ہے۔ اور جو بچا کھچا پانی گھروں میں آتا ہے وہ بھی سیوریج کی لائنوں میں شامل ہو کر آلودہ اور مضر صحت ہوجاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ ٹاؤن کے مکین کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ انتظامیہ کی بد انتظامی اور نااہلی کا شکار بن چکے ہیں۔مہینوں مہینوں پانی کی بندش نے عوام کو شدید اذیت سے دو چار کر رکھا ہے۔بلدیہ ٹاؤن میں عوام کو پانی سمیت دیگر سہولیات کی منصفانہ اور یکساں تقسیم کی راہ میں حائل سندھ کی حکومتی جماعت کے وال مینوں اور دیگرکارندوں کو لگام ڈالی جائے۔حب ڈیم کا پانی حلقہ کے عوام کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے۔پانی کی لائنوں کی مستقل مرمت نہ ہونے سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔ایم ڈی واٹر بورڈ سے حلقہ میں پانی اور سیوریج کے حوالے سے عوامی معاملات و مشکلات کے سدباب کے لیے ملاقات کرنا چاہی مگر ایم ڈی واٹر بورڈ نے اب تک ملاقات کا وقت نہیں دیا۔