سکھر یونین آف جرنلسٹس کا اجلاس،5اپریل سے لانگ مارچ کرنیکا فیصلہ

230

سکھر(نمائندہ جسارت)سکھر یونین آف جرنلسٹس کا ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اجلاس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( پی ایف یو جے ) کی جانب سے 5 اپریل سے کوئٹہ تا اسلام آبادشروع کیے جانے والے لانگ مارچ میں بھرپور طور پر شرکت کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جاری کردہ ایک پریس بیان کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے مختلف ورکنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی، ایس یو جے کا اجلاس صدر سلیم سہتو کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں خصوصی طور پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر لالا اسد پٹھان اور ممبر ایف ای سی امداد بوزدار نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے رہنما لالا اسد پٹھان نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے قلم کے مزدوروں کے حقوق کی حاصلات کے لیے منعقدہ لانگ مارچ پاکستان کی تاریخ کا بہت بڑا مارچ ثابت ہوگا مطالبات کی منظوری کے لیے 5 اپریل سے کوئٹہ تا اسلام آباد پارلیمنٹ ہاؤس تک منعقدہ مارچ کوئٹہ سے شروع ہوکر حب، کراچی حیدرآباد، سے ہوکر سکھر پہنچے گا اور سکھر سے ہوکر منزل کی جانب اسلام آباد پارلیمنٹ کے سامنے چارٹر آف ڈیمانڈ کی منظوری تک دھرنا دیگا۔ دیگر عہدیداران نے اس موقع پر کہا کہ لانگ مارچ اس طرح کے تمام غیرآئینی اقدامات کے خاتمے کی نوید ثابت ہوگا ،لانگ مارچ کے سکھر پہنچنے پر سکھر یونین آف جرنلسٹس و سکھر پریس کلب کی جانب سے مشترکہ طور پر مارچ میں شریک قائدین و شرکا کا بھرپور استقبال کیا جائے گا جبکہ مارچ کی مناسبت سے تکشیل دی جانے والی انتظامی کمیٹی شہر کے سیاسی، سماجی، تاجر ، وکلا اور مزدور تنظیموں سے رابطہ و اجلاس منعقد کرکے پی ایف یو جے کی تاریخی تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دے گی۔ اجلاس میں ایس یو جے کے نائب صدر جلال الدین بھیو، جوائنٹ سیکرٹری فرقان کھوسو، جواد شاہ، خازن کاشف پھلپوٹو، پریس سیکرٹری غفور شیخ، آفس سیکرٹری جہانزیب وسیر ، عبدالحمید کمبوہ سمیت ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان اور سکھر پریس کلب کے صدر نصراللہ وسیر نے بھی شرکت کی۔ جبکہ اجلاس میں پی ایف یو جے کے چارٹر آف ڈیمانڈ کا حصہ بنانے کیلیے متفقہ طور پر سفارشات بھی پیش کی گئیں۔