راولپنڈی انتظامیہ کا جماعت اسلامی کیساتھ امتیازی رویہ

122

راولپنڈی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے مقامی انتظامیہ کی طرف سے لیاقت باغ کے جلسہ عام کے حوالے سے مقدمہ درج کرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک غلط فیصلہ اور غلط روایت قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ اسی لیاقت باغ میں کورونا وبا کے دوران پی ٹی آئی نے جلسہ کیا ہے۔ کیا ان کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ راولپنڈی شہر میں حالیہ کورونا لہر کے دوران ہی رکن قومی اسمبلی راشد شفیق کے پروگرام ہوئے ہیں، ان کے خلاف تو قانون حرکت میں نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی انتظامیہ کا یہ دوہرا معیار قابل مذمت ہے۔ ہم نے تو اپنے پروگرام میں کورونا وبا کے حوالے سے ایس او پیز کا مکمل طور پر خیال رکھا ہے۔ شرکا میں ماسک تقسیم کیے گئے، سینیٹائزر کی سہولت بھی دستیاب تھی۔ جلسہ گاہ میں مناسب فاصلہ رکھ کر کرسیاں بچھائی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیج سمیت پوری جلسہ گاہ میں بار بار اسپرے بھی ہوتا رہا ہے۔ انتظامیہ اور پولیس کے ذمے داران نے خود موقع پر آکر اس کا جائزہ بھی لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز پر مکمل عمل اور دیگر ضروری امور کا خیال رکھنے کے باوجود ایف آئی آر کا اندراج سمجھ سے بالاتر ہے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ یہ پوری کارروائی سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہے۔ہم اس طرح کے مقدمات سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔انتظامیہ شاہ سے زیادہ شاہ کی وفا دار بننے کی کوشش کر رہی ہے۔اگر رضا احمد شاہ یا جماعت اسلامی کے کسی بھی عہدیدار کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو جماعت اسلامی سخت رد عمل دے گی۔