عدالت عظمیٰ ،2 ہاتھی درآمد سے متعلق وفاق سے جواب طلب

95

اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)عدالت عظمیٰ نے پشاور چڑیا گھر کیلیے زمبابوے سے 2 ہاتھی درآمد کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلیے ملتوی کر دی ہے۔ معاملہ کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ خیبرپختوخواحکومت ہاتھی درآمد کرنے میں ہمارا ساتھ دے رہی ہے،بنگالی ٹائیگر اور زیبرے سمیت باقی جانور درآمد کرنے کا این او سی مل چکا ہے،وفاقی حکومت زمبابوے سے دو ہاتھی درآمدکیلیے این او سی جاری نہیں کر رہی،قانون کے مطابق ہاتھی درآمد کرنے کیلیے صرف ہاتھی فراہم کرنے والے ملک کی اجازت درکار ہوتی ہے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس موقع پر سوال اٹھایا کہ وفاقی حکومت کس قانون کے تحت این او سی جاری نہیں کر رہی؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ جانوروں کی درآمد سے متعلق قانون اور رولز پڑھ کر جواب دینے کی مہلت دی جائے۔جسٹس قاضی محمد امین نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی ہاتھی سے متعلق فیصلہ دے رکھا ہے، جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہاتھی سے متعلق مقدمہ اور نوعیت کا تھا جس پر جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ مقدمہ بے شک اور نوعیت کا ہوگا مگر ہاتھی تو ایک جیسے ہوتے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے اس موقع پر بیرون ممالک سے ہاتھی درآمد کرنے سے متعلق وفاقی حکومت سے جواب طلب کرتے ہوئے معاملہ کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی ہے۔