اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد میں مقامی روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیاں انتظامیہ کے طے شدہ کرایہ سے زائد رقم لے رہی ہے اور مردوں کے علاوہ خواتین سواریوں کے ساتھ مسلسل بدتمیزی کے واقعات معمول بن گئے ہیں۔ اسلام آباد میں روٹ نمبر127/A اور روٹ نمبر120 پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ وین میں مسافروں سے انتظامیہ کی جانب سے منظور شدہ کرایے سے زائد پیسے وصول کیے جا رہے ہیں اور بقایا رقم بھی واپس نہیں کی جاتی۔ کرایہ نامہ طلب کرنے پر سواریوں سے بدتمیزی کی جاتی ہے اور اس پر مزید تکلیف دہ بات یہ ہے کہ مسافروں کی شکایت پر توجہ بھی نہیں دی جاتی بلکہ کنڈیکٹر مسافروں کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک پولیس سواریوں کی ان مشکلات پر توجہ دے۔ ایسی گاڑیوں کے چالان کیے جائیں، اور مسلسل بدتمیزی کے مرتکب عملے کو گاڑی کے ساتھ چلنے کی اجازت نہ دی جائے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ روٹ 120 پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیاں اکثر اپنا روٹ بھی مکمل نہیں کرتیں اور ایسا کرنا معمول بن چکا ہے، جس کے باعث پورے روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کو اپنا سفر مکمل کرنے کے لیے آب پارہ، کراچی کمپنی سے بار بار گاڑی تبدیل کرنا پڑتی ہے۔